Time 09 فروری ، 2025
پاکستان

صدر آصف زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کیلئے پرتگال روانہ

صدر آصف زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کیلئے پرتگال روانہ
صدرمملکت پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا سے بھی ملاقات کریں گے،فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کے لیے پرتگال روانہ ہوگئے۔

صدرمملکت آصف زرداری پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں  پرنس کریم آغا خان کے صاحبزادے اور  اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کریں گے۔

صدرمملکت پرتگال کے صدر مارسیلو  ریبیلو ڈی سوسا سے بھی ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پرتگال کے شہر لزبن میں اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے امام پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔پرنس کریم آغا خان کی تدفین آج مصر کے شہر اسوان میں کی جائےگی۔

پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے پرنس کریم آغا خان کی نماز جنازہ میں خصوصی شرکت کی۔

  وزیر خزانہ نے اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان سے بھی ملاقات کی اور صدر، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔

پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر کل پاکستان میں یومِ سوگ منایا گیا، ملک میں اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔

خیال رہےکہ پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں 4 فروری کو انتقال کرگئے تھے، پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔

پرنس کریم آغا خان 1936 میں پیدا ہوئے، پرنس کریم آغا خان کے 3 بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان اور ایک بیٹی زہر ا آغا خان ہیں۔

پرنس کریم سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے، نیروبی میں بچپن گزارا، ہارورڈ سے اسلامی تاریخ میں ڈگری لی۔

پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے، پرنس کریم آغا خان نے 20 سال کی عمرمیں 1957 میں امامت سنبھالی تھی۔

پرنس کریم آغا خان نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے دنیا کے مختلف خطوں میں فلاحی اقدامات کیے، انہیں مختلف ممالک اوریونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا۔

پرنس کریم نے پاکستان کی ترقی کے لیے بھی مثالی خدمات انجام دیں، مثالی خدمات پر انہیں نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔


مزید خبریں :