04 مارچ ، 2013
اسلام آباد…اٹارنی جنرل پاکستان نے سپریم کورٹ میں بیان دیا ہے کہ عملی مشکلات کے باعث آئندہ عام انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار تشکیل دینا ناممکن ہے ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار تشکیل دینے کے حوالے سے درخواستوں پر سماعت کی۔اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر انہوں نے الیکشن کمیشن ، وزارت قانون، اور سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت سے مشاورت کی ہے ، آئندہ عام انتخابات میں بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار طے کرنے میں عملی مسائل اور رکاوٹیں ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ صرف سعودی عرب میں 15لاکھ پاکستانی ہیں جن کے لیے چار سو سے پانچ سو پولنگ بوتھ بنانا ہوں گے جس کے لیے 2000سے زائد عملہ درکار ہو گا اور ہر پولنگ بوتھ پر ایک ہزار حلقوں کے بیلٹ پیپر فراہم کرنا ہوں گے اس کے علاوہ سعودی حکام کی اجازت بھی ضروری ہو گی اور کئی قوانین میں ترمیم کے لیے قانون سازی کی بھی ضرورت ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو اس حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقات کر کے عدالت کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ کیس کی مزید سماعت 12مارچ کو کی جائے گی۔