پاکستان
04 مارچ ، 2013

تحریک طالبان پاکستان کی کمر توڑ دی گئی ہے ،رحمان ملک

 تحریک طالبان پاکستان کی کمر توڑ دی گئی ہے ،رحمان ملک

کراچی…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی کمر توڑ دی گئی ہے ،اگر پنجاب حکومت لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی کرے تو دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغا خان اسپتال میں عباس ٹاوٴن بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کو بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں پنجابی طالبان ، لشکری جھنگوی ملوث ہے، جب بھی لشکر جھنگوی کا نام لیتا ہوں تو پنجاب حکومت تڑپ اُٹھتی ہے ۔ رحمان ملک نے کہا کہ ملک اسحاق کے خلاف 34 ایف آئی آر درج ہیں ، پنجاب حکومت اُسے جیل بھیجنے کے بجائے مجھ پر آواز اٹھاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی کے تین سے چار لیڈروں کے پیچھے ہیں بہت جلد پکڑے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جھنگ میں لشکر جھنگوی کے دفترکیوں بند نہیں کرتی ،اٹھارویں ترمیم کے بعد دہشت گردی پر قابو پانا صوبے کی ذمہ داری ہے۔ رحمان ملک نے بتایا میرا کام انٹیلی جنس دینا ہے جو دے رہا ہوں ،تین مہینے سے کہہ رہا ہوں دہشت گردی پھیلے گی لیکن میرا مذاق اُڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور کراچی کے دھماکوں میں مماثلت ہے ، کیمیکل پنجاب سے آئے۔

مزید خبریں :