05 مارچ ، 2013
اسلام آباد…پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں اسمبلیوں کوایک ہی دن تحلیل کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ پنجاب اسمبلی بھی قومی اسمبلی کے ساتھ 16 مارچ کو ہی تحلیل کر دی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات ایک ہی دن ہو ں گے قومی اسمبلی کی مدت 16 مارچ کو ختم ہو رہی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کا آخری آئینی دن 8 اپریل ہے۔اسی طرح سندھ اسمبلی کی آئینی مدت 4 اپریل ،بلوچستان اسمبلی کی 6 اپریل اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی 27 مارچ کو پوری ہو نا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو سب سے بڑا چیلنج پنجاب حکومت کی تحلیل کا تھا کیوں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف برملا کہہ چکے تھے کہ ملک میں ایک ہی دن انتخابات کی کنجی ان کے پاس ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہ نما اس معاملے پر رابطوں میں تھے ، انہی میں سے ایک رہنما کے مطابق دونوں جماعتوں نے پنجاب اسمبلی کو بھی قومی اسمبلی کے ساتھ 16 مارچ کو ہی تحلیل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلی ٰپنجاب شہباز شریف ، گورنر کو ایڈوائس بھیجیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 16 مارچ کو ہی سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا اسمبلیز بھی تحلیل کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے اور ملک بھر میں عام انتخابات ایک ہی دن ہوں گے۔