05 مارچ ، 2013
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر وسیم اختر نے کہا ہے کہ انٹیلے جنس ایجنسیز ، سندھ اور پنجاب حکومت دہشت گردوں کی سرپرست ہیں ، کراچی میں رینجرز اور پولیس کی ناکامی کے بعد فوج بلانے کی باتیں کی جا رہی ہیں، تاہم فوج صوبائی حکومت کے ماتحت ہی آئے گی۔ وسیم اختر پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر ایم کیو ایم کے ارکان کے ہمراہ میڈیا سے بات کر رہے تھے۔وسیم اختر نے کہا کہ ایک کمیونٹی کی نسل کشی کی جارہی ہے،کراچی کے چند علاقوں میں دہشت گرد تنظیمیں متحرک ہیں، جن کا ایجنسیز کو بھی پتہ ہے، پھر بھی کارروائی نہیں ہورہی ، سندھ حکومت دہشت گردوں کی سرپرستی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی اور مجرمانہ کاروائیوں کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے کیوں کہ کالعدم تنظیموں کے ہیڈکوارٹرز پنجاب میں ہیں اور صوبائی حکومت کوئی کارروائی نہیں کررہی۔ وسیم اختر نے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی واقعے کے ذمہ داران کو گرفتار کرنے کے تین دن دیے ہیں جس کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، صدر بطور سپریم کمانڈر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے احکامات دیں۔