27 مارچ ، 2025
مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے 40 مختلف بینک اکاؤنٹس سے 20 ارب روپےکی منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس پر ملزم ارمغان کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ گزشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
اجلاس میں پولیس اور ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ارمغان کے مختلف بینکوں کے 40 اکاؤنٹس سے 20 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے، ان تمام اکاؤنٹس کے بینکوں کے برانچ منیجرز کو بھی شامل تفتیش کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ارمغان کو سامان پہنچانے والی کورئیرکمپنی کو بھی نوٹس کیا گیا ہے جس سے تفصیلی تفتیش کی جائےگی۔ ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے ارمغان سے ملنے کے لیے آنے والےافراد سے تحقیقات کے لیے رابطے شروع کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ارمغان کے زیر استعمال غیر رجسٹرڈ گاڑیوں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔ ارمغان کے گھر سے بڑی تعداد میں برآمد ہونے والے اسلحے، موبائل فونز اورلیپ ٹاپس کے فارنزک کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ارمغان کو 2 سکیورٹی کمپنیز اور ایک باکسر ایسوسی ایشن سکیورٹی گارڈز فراہم کرتی تھیں۔