Time 29 مارچ ، 2025
پاکستان

عید سے قبل عمران خان کا سامان اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا

راولپنڈی:عید الفطر سے قبل بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  عمران خان کا سامان اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے بھجوائےگئے سامان میں عید پر پہننےکے لیے 4 نئےجوڑے، جوتے اور  ویسٹ کوٹ شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کےکپڑے جیل انتظامیہ کے حوالےکیےجائیں گے۔

گزشتہ روز  راولپنڈی کی  انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کتابیں فراہم کرنے اور بچوں سے بات کرانے کا حکم دیا  تھا۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر جیل حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئےکہا تھا کہ عمران خان کو فوری طور پر کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ عید سے قبل بانی پی ٹی آئی کی اپنے بچوں سے بات بھی کرائی جائے، عید مذہبی تہوار ہے، درخواست گزار کی بچوں سے فوری بات کرائی جائے۔

اڈیالہ جیل سے واپسی پر میڈیا سےگفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک کا کہنا تھا کہ  جیل حکام نے عدالتی احکامات وصول کرنے سےانکار کردیا ہے، جیل عملے نے پہلے عدالتی آرڈر کی تصاویر بنا کر سپرنٹنڈنٹ جیل کو دیں، پھر عدالتی آرڈر کی فائل اندر منگوائی اس کے بعد واپس کردی۔

فیصل ملک کا کہنا تھا کہ جیل حکام نے کہا کہ عدالتی آرڈر ڈاک کے ذریعے بھیجا جائے۔

مزید خبریں :