انٹرٹینمنٹ
12 مارچ ، 2013

جیو نیوز اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے 23مارچ کو ارتھ آور منایا جائیگا

جیو نیوز اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے 23مارچ کو ارتھ آور منایا جائیگا

کراچی… زمین کو اندھیروں میں ڈوبنے سے بچانے کے لئے ہر سال کی طرح اس سال بھی جیو نیوز اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے 23مارچ کو ارتھ آور منایا جائیگا۔ جیو نیوز اور ڈبلیو ڈبلیو ایف ایک بار پھر یکجا ہورہے ہیں، عزم ہے دنیا کو اندھیروں میں ڈوبنے سے بچانے کا۔ ارتھ آور منایا تو 23 مارچ کو جائے گا لیکن اس کے انتظامات کو آخری شکل دینے کے لئے کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں عوامی شعور بیدارکرنے کے لئے شو بزنس سے تعلق رکھنے والے والے مختلف آرٹسٹس نے بطور خیر سگالی سفیروں کی یاداشت پر دستخط کئے ۔ ارتھ آور 2013 کے لئے ثمینہ پیرزادہ ، عدنان صدیقی ،فریحہ الطاف ،ادکارہ اور ماڈل عائشہ عمر ،فیشن فوٹو گرافر ٹیپو جاویری اور ماڈل میکائل حسن کو پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ ارتھ آور کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سینئر ڈائریکٹر آپریشن اورکارپوریٹ ریلیشن انور نسیم اور ادارے کی سینئر مینجر کارپوریٹ ریلیشن مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ ملکی قدرتی وسائل کا بے جا اور بے دریغ استعمال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، ایک گھنٹے کیلئے بجلی کا غیر ضروری استعمال بند کر کے مکمل تعاون کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس موقع پرشرکاء نے ایک منٹ کے لئے تمام روشنیاں گل کر کے شمعیں روشن کیں اور زمین اور قدرتی ماحول سے محبت کا اظہار کیا۔ ارتھ آور منانے کا مقصد ہے عوام میں ملکی وسائل کی حفاظت اور ان کے استعمال میں کفایت شعاری کا شعور پیدا کرنا ہے ، تاکہ ملک میں جاری توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

مزید خبریں :