Time 28 مئی ، 2025
پاکستان

'ایٹمی طاقت کا حصول دانشمندانہ فیصلہ تھا' صدر اور وزیر اعظم کی یومِ تکبیر پر قوم کو مبارکباد

ایٹمی طاقت کا حصول دانشمندانہ فیصلہ تھا صدر اور وزیر اعظم  کی یومِ تکبیر پر  قوم کو مبارکباد
فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 27 برس مکمل ہونے پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد دی ہے۔

پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے اور اسی مناسبت سے آج ملک بھر میں یومِ تکبیر منایا جائے گا۔

بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ حکومت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔

یوم تکبیر پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی،خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے، پاکستان اس مرتبہ یوم تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے ہیں، فتح مبین سے سرشار قوم کیلئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزیداضافہ ہوگیا۔

چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے

انہوں نے کہا کہ مئی 1998 میں بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خود مختاری کو چیلنج کیا تھا، نوازشریف نے 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس وقت نوازشریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی، نوازشریف اقتصادی پابندیوں، دباؤ ،دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے، نوازشریف نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنا دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صد ا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے، یہ ہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔

وزیراعظم کا ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام

وزیر اعظم شہباز شریف نے جوہری پروگرام کیلئے بے پناہ قربانیاں دینے پر قوم، سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا۔

وزیراعظم نے افواج پاکستان، قومی اداروں اور ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالنے والے معماروں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوہری اثاثوں کی بھرپور حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد، آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا یومِ تکبیر پر پیغام

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پر قوم کو دلی مبار کباد پیش کرتا ہوں، آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، آج کے دن ہم نے تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم ملکی خو دمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں، ایٹمی پروگرام سے منسلک سائنسدانوں، انجینئرز، سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا

صدر مملکت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت  پیش کیا اور کہا کہ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا ، ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بدلتی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں ہماری جوہری طاقت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے ، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے ، ایٹمی قوت ہماری خود مختاری اور قومی سلامتی کو یقینی بناتی ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں،  پاکستان پر امن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے،  یومِ تکبیر پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔

مزید خبریں :