28 مئی ، 2025
افغان طالبان کے کمانڈر سعید اللہ سعید نے فتنتہ الخوارج کو افغانستان سے باہر دہشت گرد کارروائیوں پر خبردار کردیا۔
گزشتہ روز افغان طالبان کے کمانڈر اور کابل پولیس ہیڈکوارٹر کے استاد سعیداللہ سعید نے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کیا۔
کمانڈر سعید اللہ سعید نے اپنے خطاب میں فتنتہ الخوارج کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک سے لڑنا جائز نہیں، مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرونِ ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک جگہ سے دوسری جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے، جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے کسی گروہ یا فرد کا نہیں، ریاستی قیادت کے حکم کے باوجود لڑنے کیلئے جانا دینی نافرمانی ہے۔
خیال رہے کہ اگست 2023 میں طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے فتویٰ جاری کیا تھاکہ طالبان کی جانب سے بیرون ملک حملے کیے گئے تو وہ جہاد نہیں بلکہ جنگ ہوگی۔