16 مارچ ، 2013
کوہاٹ … گورنر خیبرپختونخوا شوکت اللہ نے کہا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل سے متعلق سمری انہیں ابھی موصول نہیں ہوئی۔ ایف آر کوہاٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر شوکت اللہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری ابھی تک انہیں موصول نہیں ہوئی ہے، سمری ملنے کے بعد چاروں گورنر اکٹھے دستخط کریں گے اور اسمبلیاں ایک ہی دن تحلیل ہوں گی۔ گورنر شوکت اللہ نے خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ کی اتفاق رائے سے نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا، قبائلی علاقوں سے بے گھر متاثرین کی بحالی کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ مالاکنڈ اور باجوڑ متاثرین کی طرز پر پیکیج فراہم کرنے پر غور ہورہا ہے اور حکومت بے گھر متاثرین کی بحالی کی ہر ممکن کوشش کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور متاثرین اپنے علاقوں کو جانا شروع ہوگئے ہیں ۔