21 مارچ ، 2013
نوشہرہ … نوشہرہ کے جلوزئی کیمپ کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی، خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد زخمی ہیں۔ نوشہرہ میں جلوزئی کیمپ سے ملحقہ مہاجر بازار میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت 15 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ غیر سرکاری تنظیم کی 3 خواتین اور 2 مرد کارکنوں سمیت 35 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ ڈی پی او نوشہرہ محمد حسین کے مطابق دھماکا گاڑی میں نصب باردی مواد کے ذریعے کیا گیا تھا۔ دھماکے سے ایک غیر سرکاری تنظیم کی گاڑی سمیت 3گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 30 سے 35 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ جلوزئی میں قائم مہاجر کیمپ کے انچارج نور اکبر کے مطابق دھماکے سے پہلے خوراک کی تقسیم بند کردی گئی تھی، اگر تھوڑی دیر پہلے دھماکا ہوتا تو ہلاکتیں زیادہ ہوسکتی تھیں۔ دھماکے کے بعد ضلع بھر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، شدید زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کردیاگیا ہے۔