پاکستان
21 مارچ ، 2013

انتخابات میں دھاندلی ، اربوں روپے کا استعمال، سپریم کورٹ میں درخواست دائر

انتخابات میں دھاندلی ، اربوں روپے کا استعمال، سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد … سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی کیلئے اربوں روپے استعمال کئے جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن اس دھاندلی کو روکنے میں ناکام ہے۔ دی نیوز کے نمائندے عثمان منظور کی رپورٹ کے مطابق درخواست ڈاکٹر مبشر حسن نے دائر کی ہے، جس میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے آخری لمحات میں افسران کے تبادلے اور تقررریاں کیں۔ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی جانب سے 37 ارب کے صوابدیدی فنڈز کے استعمال کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آخری وقت میں ایک لاکھ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا، جو واضح طور پر ووٹرز کو رشوت دینے کا عمل ہے۔ ڈاکٹر مبشر کی درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کیلئے 50 ارب روپے استعمال کئے جارہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے انتہائی قابل اعتماد شخص اشرف وتھرا کو ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے جو بینکوں سے معاملات طے کریں گے اور سیاستدانوں کے خلاف قرض نادہندگی اور بینکنگ فراڈ کی تمام رپورٹس ان کے ذریعے بھیجی جائیں گی۔ اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں میں تقرریاں انور مجید کے کہنے پر کی گئیں۔ درخواست میں الزام لگا یا گیا ہے کہ اشرف وتھرا کبھی کسی چھوٹے بینک کے صدر بھی نہیں رہے۔ انہوں نے ڈی جی بننے سے پہلے اسٹیٹ بینک کی عمارت کو اندر سے دیکھا تک نہیں ہے، وہ نا تجربہ کار ہیں۔ اشرف وتھرا کی موجودگی کے باعث پی پی حکومت کے جانے کے باوجود بھی کوئی بینک انور مجید یا کسی اور پی پی رہنما کی درخواست نظر انداز کرنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ ڈاکٹر مبشر نے اپنے وکیل اظہر صدیقی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست کی جلد سماعت کی استدعا کی ہے۔

مزید خبریں :