21 مارچ ، 2013
اسلام آباد … نگراں وزیراعظم کے تقرر کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان نے وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی اور اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نگراں سیٹ اپ کا تمام عمل جمہوری انداز میں مکمل کرنا چاہتے ہیں، نگراں وزیر اعظم سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان نے وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے وزیر اعظم ہاوٴس میں ملاقات کی جس میں سید خورشید شاہ، چوہدری شجاعت حسین، فاروق ایچ نائیک اور غلام احمد بلور شامل تھے۔ سید خورشید شاہ اور فاروق ایچ نائیک نے وزیر اعظم کو کمیٹی کی اب تک کی کارروائی اور حکومتی امیدواروں پر مسلم لیگ ن کے اعتراضات سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے حکومتی ارکان کمیٹی کو سیاسی معاملات سیاسی فورمز پر حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا وہ چاہتے ہیں کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل ہو جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔