21 مارچ ، 2013
ڈربن…پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ایک روزہ میچ میں تین وکٹوں سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز کو ایک بار پھر 2-2سے برابر کردیاگرین شرٹ قائد مصباح الحق کو انکی شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ اب اس سیریز کا فیصلہ اتوار 24مارچ کو بنونی میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں ہوگا۔اس سے قبل ڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس پروٹیز قائد ابراہم ڈی ویلیئرز نے جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 235کا ہدف دیا۔جواب میں پاکستان نے مقررہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر 48.4اوورز میں 236رنز بناکر حاصل کرلیا۔پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور صرف 33پر تین صف اول کے بیٹسمین پویلین لوٹ گئے اور یوں محسوس ہورہا تھا کہ گرین شرٹس زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکیں تاہم اس موقع پر کپتان مصباح الحق 80اور عمران فرحت 93کی شاندار اننگز نے پاکستان کی کامیابی یقینی بنادی، دونوں بیٹسمین سنچری کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے، چوتھی وکٹ کی اس شراکت کے دوران 153رنز بنے۔آج ایک بار پھر پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کلک نہ کرسکی اور سوائے مذکورہ بالا دوبیٹسمینوں کے کوئی اور اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے رابن پیٹرسن نے دو جبکہ اسٹین، سوٹ سوب اور کلین ویلڈیٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔