28 مارچ ، 2013
اسلام آباد…پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر لارز گنر ویگمارک نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے رکن تمام ممالک پاکستان میں جمہوری عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں‘ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں‘ پاکستان میں ہونے والے انتخابی عمل کیلئے یورپی یونین نے 10ملین یورو دیئے ہیں۔ وہ جمعرات کو یہاں پاکستان میں 11مئی کو ہونے والے انتخابات کے جائزے کیلئے یورپی یونین کے رکن ممالک سے آنے والے 110 مبصرین سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی وجہ سے بہت سے مسائل کا بھی سامنا ہے اور ہم پاکستان کو صحت‘ تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی ہر ممکن مدد دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت پر ہونے والے اخراجات پر مجموعی بجٹ کا بمشکل ایک فیصد خرچ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام طبقوں کو ملک کی ترقی کیلئے ٹیکس شرح بڑھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو اقتدار کی منتقلی سے ایک اچھی جمہوری روایت قائم ہوگی اور اس سے جمہوری عمل مزید تقویت حاصل کرے گا۔