پاکستان
28 مارچ ، 2013

الطاف حسین کی زیادہ کاغذات جمع کروانے پر الیکشن سیل کو خراج تحسین

الطاف حسین کی زیادہ کاغذات جمع کروانے پر الیکشن سیل کو خراج تحسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ حالیہ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کے نہایت مشکل اورتفصیلی ہونے کے باوجودمختصروقت میں پورے ملک میں سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کرواکرایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوں نے ریکارڈتوڑدیاہے جس پرایم کیوایم الیکشن سیل اور چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاوقت نہایت کم تھا اورکاغذات نامزدگی بھی نہایت مشکل اورتفصیلی ہے جس کوبھرنے میں امیدواروں کومشکلات کاسامناہے لیکن اس کے باوجودایم کیوایم کے الیکشن سیل نے کراچی سمیت سندھ ، پنجاب، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں مجموعی طورپراب تک سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جوایم کیوایم کے کارکنوں کی محنت، لگن،مستعدی اورجانفشانی کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے الیکشن سیل کے تمام ارکان اور سندھ، پنجاب، بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے تمام ذمہ داروں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے الیکشن کے سلسلے میں دن رات محنت ولگن سے کام کرنے پر رابطہ کمیٹی پاکستان لندن،مرکزی الیکشن سیل سمیت تمام تنظیمی شعبہ جات کے ایک ایک رکن کودل کی گہرائی سے خراج تحسین اورشاباش پیش کی ۔دریں اثناء الطا ف حسین نے ملک بھرکے عوام خصوصاً مخیرحضرات سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں صحیح تبدیلی کیلئے ایم کیوایم کے الیکشن فنڈمیں دل کھول کرعطیات دیں ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم غریب ومتوسط طبقہ کی واحدنمائندہ جماعت ہے جس کے تمام اخراجات عوام کے عطیات سے پورے کئے جاتے ہیں ،ایم کیوایم ملک میں ایک مثبت اورحقیقی تبدیلی کیلئے جدوجہدکررہی ہے ،اس مقصدکیلئے اسے عوام کے عطیات کی اشدضرورت ہے ۔انہوں نے عوام بالخصوص مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ اس مثبت اورنیک مقصدکیلئے ایم کیوایم کے الیکشن فنڈمیں زیادہ سے زیادہ عطیات دیں تاکہ ملک کے اصل عوام کے نمائندے منتخب ہوکرپارلیمنٹ میں پہنچ سکیں۔

مزید خبریں :