پاکستان
01 اپریل ، 2013

حقیقت وعملیت پسندی کے فلسفہ کے پیمانے پر پورا اترتا ہے،الطاف حسین

حقیقت وعملیت پسندی کے فلسفہ کے پیمانے پر پورا اترتا ہے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کا انتخابی منشور 2013ء حقیقت پسندی اور عملیت پسندی کے فلسفہ کے پیمانے پر پورا اترتا ہے ۔انہوں نے دانشوروں ، کالم نگاروں اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے کچلے ہوئے ، حقوق سے محروم عوام کے مسائل کے حل کیلئے پیش کئے گئے ایم کیوایم کے منشورکا مطالعہ کریں اوراس پر تبصرہ کریں۔ یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے مرکز عزیزآباد میں رابطہ کمیٹی اورمختلف شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے ملک بھر کے نوجوانوں ، طلباوطالبات اورزندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے منشورکا دیگر سیاسی جماعتوں کے منشور سے تقابلی جائزہ لیں تو انہیں اندازہ ہوگا کہ ایم کیوایم کے منشور میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی ، جمہوریت کے استحکام اور عوام کے بنیادی مسائل کا سائنسی بنیادوں پر قابل عمل حل پیش کیا گیا ہے ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے انتخابی منشور پیش کرنے پر رابطہ کمیٹی ، تمام شعبہ جات کے ذمہ داران ، تمام کارکنان اور ہمدرد عوام کودلی مبارکباد پیش کی اور منشور کی تیاری کے سلسلے میں دن رات محنت کرنے پر ایم کیوایم کی منشور کمیٹی کے تمام ارکان کو دل کی گہرائی سے زبردست خراج تحسین اور شاباش دی۔ انہوں نے پاکستان بھرمیں حق پرست امیدواروں کے انتخابی فارم پر کرنے کے سلسلے میں معاونت کرنے پر وکلاء برادری سے بھی دلی تشکرکا اظہارکیااورایم کیوایم کے امیدواروں کے انتخابی فارم جمع کرنے کے سلسلے میں دن رات کام کرنے پر ایم کیوایم کے مرکزی الیکشن سیل کے تمام ارکان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں :