05 مارچ ، 2012
کراچی … سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستا ن کے حکمران خود غداری پر اتر آئے ہیں،سانحہ ایبٹ آبا د نے حکمر انوں اور فوجی جر نیلوں کے چہرے بے نقاب کر دیئے ہیں۔امین اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔وہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی کے تحت ”قران کی دعوت لیکر اٹھو اور ساری دنیا پر چھاجاوٴ“کے عنوان سے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام اپنی نمائندگی اور ترجمانی کا حق اہل لوگوں کو دیں،ایسے افراد کو نمائندگی دی جائے جن پر اعتبار ہو۔ان کا کہنا تھا کہ اگر معاشرے میں انصاف نہیں ہوگا تو معاشرہ بے راہ روی اور جرائم میں اضافے کا شکار ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر عام افراد کو انصاف نہیں ملے گا تو معاشرے میں کوئی فرد دوسرے فرد کے حقوق کا احترام بھی نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں نصف صدی سے قائم ڈکٹیٹروں کی حکومتیں ختم اور چاروں طرف بیداری کی لہریں اٹھ رہی ہیں،پاکستا ن کے عوام کو بھی مید ان عمل میں آکر اسلامی انقلاب برپا کرنا ہوگا۔