06 اپریل ، 2013
لاہور…بلبل صحرا لوک گلوکارہ ریشماں کی طبیعت پھر خراب ہوگئی ہے جس پر انہیں لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا،خاندانی ذرائع کے مطابق ریشماں کی حالت خطرے سے باہر ہے،1947ء میں راجستھان میں آنکھ کھولنے والی ریشماں نے کئی دہائیوں تک لوک موسیقی میں اپنے سر خوب بکھیرے۔ستارہ امتیاز پانے والی ریشماں نے فوک موسیقی میں منفرد مقام تو بنایا ہی ،پڑوسی ملک بھارت کی فلموں میں بھی اُن کے گیتوں کی گونج سنائی دی ۔ یادگار اور لازوال گیت گانے والی ریشماں کچھ عرصے سے علیل ہیں ، اب ان میں گانے کی سکت نہیں رہی۔ریشماں نے پچھلی بار تین سال قبل رفیع پیر تھیٹر کی تقریب میں پرفارم کیا۔طبیعت کی خرابی کے باعث ریشماں کو ایک بار پھر نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، نگران وزیر اعلی نجم سیٹھی نے ریشماں کو گلدستہ بھجوایا ہے اور اُن کا علاج سرکاری خرچ پر کرانے کا اعلا ن کیا ہے۔