05 مارچ ، 2012
کراچی…محمد رفیق مانگٹ… بھارت نے براہموس اسٹیلتھ سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے یہ تجربہ پاکستان سرحدکے ساتھ ملحقہ ریاست راجستھان میں پوکھران کے مقام پر کیا گیا۔میزائل کی رینج 290کلومیٹر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میزائل نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا،میزائل کے تجربے کے دوران بھارتی فوج کے وائس چیف لیفٹیننٹ جنرل کرشن سنگھ اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن لیفٹیننٹ جنرل اے کے چوہدری بھی موجود تھے ۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت نے ہتھیاروں کے نظام کے تحت آج تجربے کے بعد دوسرے براہموس اسٹیلتھ سپرسونک کروز میزائل رجمنٹ کو آپریشنل کردیاہے ۔میزائل کی تیسری رجمنٹ چین کے ساتھ ارونا چل پردیش میں شمال مشرقی سرحد پر آپریشنل کی جائے گی۔ براہموس دنیا کا تیز ترین آپریشنل کروز میزائل ہے۔ بھارتی فوج نے سپر سونک کروز میزائل کی تین رجمنٹ کا آرڈر دیا ہے جن میں سے دو کو آج تجربے کے بعد آپریشنل کردیا گیا ہے۔ 290کلومیٹر رینج کے براہموس کی ایک رجمنٹ میں65میزائل ہوتے ہیں۔براہموس زمین پر دس میٹر کی بلندی تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ بھارت اور روس کے مشترکا تعاون سے تیار کردہ براہموس کو آبدوز، بحری جہاز، ہوائی جہاز یا زمین سے چلایا جاسکتا ہے۔اس میزائل کو پہلے سے ہی بھارتی بحریہ اور فوج میں شامل کرلیا گیا۔ یہ کروز میزائل بھارتی فوج کی طرف سے پاکستانی سرحد کے ساتھ روایتی جنگی حکمت عملی کو فعال کرنے کا حصہ ہے۔