05 مارچ ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن نے مسائل سے چھٹکارے کے لئے حکومت سے نجات کو ناگزیر قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل کونسل اجلاس میں حکومت کی نااہلی اور کرپشن کو مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ قرار دیا گیا۔ دہشت گردی کی مذمت کی گئی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔یہ قراردادیں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے پیش کیں، جن میں کوہستان واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بے قصور اور بے گناہ افراد کو شہید کیا گیا، مسلم لیگ ن شہید ہونے والے افراد کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہے۔ ایک اور قرار داد میں لاپتہ افراد کی جلد بازیابی کا مطالبہ اور بلوچستان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرار داد میں اکبر بگٹی کے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ ایک اور قراداد میں خیبر پختونخوا میں بیگناہ شہریوں اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہارکیا گیا۔