18 اپریل ، 2013
پشاور…خیبر پختونخواہ میں منگل کے روز خود کش حملہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبلوں میں سے دو کا تعلق ریلوے پولیس سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار سابق ریلوے وزیر غلام احمد بلورکو پولیس اسکارڈ واپس کرنے کا کہا لیکن شنوائی نہ ہوئی۔ ریلوے پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیر ریلوے غلام احمد بلور حکومت ختم ہونے کے باوجود قواعد وضوابط سے ہٹ کر ریلوے پولیس کا اسکارڈ استعمال کرتے رہے ہیں۔او رکئی بار انہیں ریلوے اسکارڈ واپس کرنے کو کہا گیا لیکن وہ مسلسل ٹال مٹول سے کام لیتے رہے۔ ان ذرائع نے بتایا کہ منگل کو خیبر پختونخواہ میں اے این پی کے جلسہ میں شہید ہونے والے سپاہیوں میں دو سپاہی دلدار حسین اور ترباز خان ریلوے پولیس کے ملازم ہیں اوروہ اس روز بھی معمول کے مطابق سابق ریلوے وزیر غلام احمد بلور کی حفاظت پر معمور تھے۔ریلوے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر غلام احمد بلور ریلوے پولیس کا اسکارڈ بروقت واپس کر دیتے تو شایددونوں کانسٹیبل دہشت گردی کاشکار نہ ہوتے۔