18 اپریل ، 2013
اسلام آباد … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ نگراں حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے دو بار ملکی آئین توڑنے، ملکی اقتدار پر قبضہ کرنے اور ملک کو امریکی چرا گاہ بنانے کے مجرم کے خلاف کارروائی میں عدلیہ کے احکامات پر عملدرآمد کروائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ججز نظر بندی کیس میں مشرف کی گرفتاری کے حکم اور ان کے احاطہ عدالت سے فرار کے بعد ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احاطہ عدالت سے مشرف کا فرار اورقومی مجرموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینا ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں، عدلیہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ڈاکووٴں کو اقتدار پر مسلط کرنے کی کوششوں کو ناکام بنادے، پرویز مشرف کو فرار ہونے کا موقع دینا عدلیہ کے احکامات کا مذاق اڑانے کے مترادف اور عدلیہ کی توہین ہے۔