پاکستان
18 اپریل ، 2013

پی بی اے کے مسائل مذاکرات سے حل کرائیں گے، عارف نظامی

پی بی اے کے مسائل مذاکرات سے حل کرائیں گے، عارف نظامی

اسلام آباد …وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پی بی اے کے مسائل مذاکرات اور مشاورت سے حل کرانے کیلیے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔پیمرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں پی بی اے کی مجلس عاملہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عارف نظامی نے کہا کہ وہ پی بی اے کے مسائل مذاکرات اور مشاورت سے حل کرانے کیلیے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ وزارت اطلاعات اور پیمرا الیکٹرونک میڈیا انڈسٹری کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کے لیے بات چیت اور باہمی مفاہمت کے ساتھ کام کریں گی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ایک ہفتے میں پیمرا اور پی بی اے کے مابین دوسری ملاقات یقیناً ایک مثبت پیشرفت ہے۔۔یہ اجلاس نہایت خوش گوار ماحول میں ہوا جس میں پیمرا اور پی بی اے کے درمیان زیر التوا معاملات پر تفصیل سے بات ہوئی۔ دونوں فریقوں نے ملک میں نجی الیکٹرانک میڈیا کی بہتری اور اسے سہولیات فراہم کرنے کیلیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ یہ بھی طے کیا گیا کہ پیمرا کے مختلف قوانین اور ضابطوں میں تبدیلی کیلیے آئندہ ہفتے ایک ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوگا۔ اس ورکنگ گروپ میں پی بی اے کے نمائندے، چیرمین پیمرا اور پی آئی او شامل ہونگے۔ پی بی اے کے وفد میں شکیل مسعود، طاہر اے خان، ارشد زبیری شامل تھے جبکہ وفد کی سربراہی قاضی اسلم کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات آغا ندیم، چیرمین پیمرا چودھری رشید احمد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر عمران گردیزی، اور ڈی جی پیمرا محمد سلیم بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :