18 اپریل ، 2013
ملتان …پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ھے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو قانون کے سامنے خود کو پیش کر دینا چاہئے۔ شاہ محمود قریشی نے ملتان شاہ رکن عالم کالونی میں حلقہ این اے 150 کے الیکشن کیمپ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ عوام کرپشن اور ملکی ساکھ خراب کرنیوالوں کو ووٹ نہیں دینگے۔ سابق صدر پرویز مشرف پر بغاوت کا مقدمہ چلانے کے حوالے سے کیے جانیوالے سوال پر انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا یہ موقف ہے کہ ملک میں آئین توڑنے کی روایت ختم ہونی چاہئے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ایک صوبائی حلقہ میں مخدوم امین فہیم کے قریبی ساتھی کو پاکستان پیپلز پارٹی کا ٹکٹ نہ ملنے سے محسوس ہوتا ہے کہ مخدوم امین فہیم اور صدر آصف علی زرداری کے مابین ذہنی ھم آہنگی نہیں رہی۔