19 اپریل ، 2013
اسلام آباد…ملک بھر میں لوڈشیدنگ نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ سندھ ، پنجاب،بلوچستان اور خیبرپختون خوا کے بیش تر علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثرہو رہے ہیں۔ملک میں لوڈشیڈنگ بھی مہنگائی کی طرح روز بروز بڑھتی ہی جارہی ہے۔ 18 سے 20 گھنٹے بجلی کا نہ ہونا عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے باوجود بل پورے آتے ہیں جس سے عوام دہری اذیت کا شکار ہیں۔بیشتر علاقے تو ایسے ہے جہاں بجلی صرف دو گھنٹے ہی رہتی ہے اور واپڈا کے بلاوے پر فوراً چلی جاتی ہے ،اور ایسے جاتی ہے کہ پھر پورے دن واپس نہیں آتی۔سندھ کے شہروں کی بات کی جائے یا پنجاب کی یا شمالی بلوچستان کی ہر جگہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا بْرا حال کیا ہوا ہے۔ملک میں کوئی شہر، کوئی علاقہ، کوئی دیہات،کوئی قصبہ ایسا نہیں جہاں عوام کی زندگی لوڈشیڈنگ سے اجیرن نہ ہوچکی ہو۔