19 اپریل ، 2013
کراچی …محکمہ موسمیات نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے اتوار سے بدھ کے دوران بالائی سندھ، جنوبی پنجاب ،مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔سندھ میں جامشورو، کوٹری،مانجھن اور تھانا بولا خان سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں آندھی کے بعد بارش ہوئی۔ نواب شاہ اور گردو نواح میں بھی بادل برسے جبکہ حیدرآباد میں گردوغبار کا طوفان آیا، اور آندھی کی وجہ سے متعدد سائن بورڈ گرگئے۔ آج رات مالاکنڈ،ہزارہ،پشاور ،کوہاٹ جبکہ سرگودھا ،اسلام آباد،کوئٹہ، ڑوب،حیدر آباد اور میر پور خاص میں بارش کی توقع ہے۔بارشوں کے بعد امید کی جاسکتی ہے کہ گرمی کی شدت میں کچھ کمی آجائے اور موسم خوشگوار ہوجائے۔آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھر میں 42 اور بے نظیر آباد میں41 ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔