25 اپریل ، 2013
کراچی … سی آئی ڈی نے کراچی میں 2 مختلف کارروائیوں میں کالعدم تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشتگردوں اور 4 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے بتایا کہ سائٹ میں غنی چورنگی کے قریب کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے 4 مبینہ دہشتگردوں عمران جمشید، سلیم اللہ عرف علی نجم، عرفان عرف اسد اور عادل عرف عثمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 50 کلو گرام دھماکا خیز مواد، 9 دستی بم اور 4 ٹی ٹی پستول برآمد کرلئے۔ چوہدری اسلم کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے نعیم بخاری گروپ سے ہے اور وہ شہر میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دوسری کارروائی ایم اے جناح روڈ کے قریب کی گئی جہاں سے 4 مبینہ ٹارگٹ کلرز طارق عرف عابد، آصف عرف میلہ، عبدالواحد اور دانش کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4 ٹی ٹی پستول اور ایک دستی بم برآمد کر لیا۔ ملزمان کے بارے میں ایس ایس پی سی آئی ڈی کا کہنا ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کی 5 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔