25 اپریل ، 2013
کوئٹہ …نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بے امنی کے واقعات سے لگتا ہے صوبے میں خانہ جنگی کو دانستہ طور پر ہوا دی جارہی ہے۔ تاہم نیشنل پارٹی دہشت گردی کے کسی واقعے سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے سیاسی و قبائلی عمائدین کے گھروں کو نشانہ بنانا بلوچ روایات کیخلاف ہے، انھوں نے کہا کہ مسلح تنظیموں کو بارہا سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ الیکشن کے بائیکاٹ یا حصہ لینے کافیصلہ عوام پر چھوڑ دیں، لیکن حالیہ واقعات سے لگتا ہے کہ صوبے میں خانہ جنگی کو دانستہ طور پر ہوا دی جارہی ہے، میر حاصل بزنجو نے مسلح تنظیموں کومخاطب کرتے ہوئے پوچھاکہ وہ بتائیں کس کے ایجنڈے اور ایماء پر بلوچوں کو آپس میں دست و گریباں کرنا چاہتی ہیں۔