25 اپریل ، 2013
لاہور…لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے عام انتخابات کے لئے اہل قرار دیئے گئے 13 سو سے زیادہ امیدواروں کی نادہندگی سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ اہل قرار دیئے گئے 10 نادہندہ امیدواروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے سرگودھا سے پیپلزپارٹی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اسلم مڈھیانہ کے داماد ندیم سرور کو پی پی 34 اور سید گلزار سبطین کو این اے 145 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ،عدالت نے سابق وفاقی وزیر رانا فاروق سید کو بھی الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دینے کے حکم میں توسیع کردی اور ان کی نادہندگی اور اراضی پر مبینہ قبضہ کے بارے ریکارڈ طلب کرلیا۔عدالت نے مزید کارروائی 29 اپریل تک ملتوی کردی۔