پاکستان
26 اپریل ، 2013

بینظیر قتل کیس: پرویز مشرف کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی

بینظیر قتل کیس: پرویز مشرف کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی

راولپنڈی…ایف آئی اے نے بینظیر قتل کیس میں سابق صدرپرویز مشرف کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا۔سابق صدر کو چک شہزاد میں ان کی رہائش گاہ سب جیل سے خصوصی حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشت گردی عدالت لایا گیا۔ایف آئی اے کی طرف سے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ایف آئی اے نے پرویز مشرف کو بینظیرقتل کیس میں گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا تھا۔گذشتہ روزراولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کوسابق صدر پرویز مشرف کو باضابطہ طو رپر گرفتار اور تفتیش کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ان سے سب جیل میں تفتیش کی جائے ۔ عدالتی حکم کے تحت ایف آئی اے کی ٹیم سیکیورٹی خدشات کی بنا پر مشرف کی چک شہزاد کی رہائش گاہ جسے سب جیل قرار دیا گیا تھا وہیں تفتیش کرے گی۔ ایف آئی اے کی جانب سے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار اور سابق صدر پرویزمشرف کی جانب سے افشاں عادل ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہوکر اپنے دلائل دئیے۔ عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد ایف آئی اے کو بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو باضابطہ طو رپر گرفتار اور شامل تفتیش کرنے کی اجازت دیدی۔



مزید خبریں :