پاکستان
02 مئی ، 2013

بجلی بحران : پری پیڈ میٹرز سسٹم متعارف کرایا جائے، چیف جسٹس

بجلی بحران : پری پیڈ میٹرز سسٹم متعارف کرایا جائے، چیف جسٹس

اسلام آباد … چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں نہیں کی جا رہیں، ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود بجلی بحران پر قابو نہیں پاسکے، معیشت بیٹھ گئی، صنعتیں بند ہوگئیں، ملک کیسے چلے گا، بجلی بحران حل کرنے کیلئے پری پیڈ میٹرز سسٹم متعارف کرایا جانا چاہئے، ابتداء سپریم کورٹ سے کی جائے۔ سپریم کورٹ میں بجلی بحران سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس کے استفسار پر ایم ڈی پیپکو نے بتایا کہ بجلی کی کم پیداوار کی وجوہات گیس اور تیل کی کم دستیابی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سی این جی اسٹیشز دھڑا دھڑ لگائے جارہے ہیں، جہاں گیس فراہم کی جانی چاہئے وہاں دی نہیں جارہی۔ سپریم کورٹ کے بجلی ادائیگی کے بل میں ایک دن کی تاخیر ہوجائے تو ٹی وی پر ٹکر چلنا شروع ہوجاتے ہیں، صرف عدالتی امور نہیں، یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ ٹی وی پر کیا کہانیاں چل رہی ہیں۔ عدالت نے وزارت پانی و بجلی اور پیپکو سمیت بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں سے لوڈ شیڈنگ کی وجوہات، ان کودرپیش مشکلات اور منصوبوں کی تفصیلات طلب کرلیں ۔ کیس کی مزیدسماعت 9 مئی کوہوگی۔

مزید خبریں :