پاکستان
02 مئی ، 2013

نگراں حکومت کا 11 مئی کو لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان، سی این جی ملے گی

نگراں حکومت کا 11 مئی کو لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان، سی این جی ملے گی

اسلام آباد … نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی کا کہنا ہے کہ 11 مئی کو عام انتخابات کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے جبکہ موبائل فون سروس بند نہیں کی جائے گی، تمام سرحدیں سیل رہیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 11 مئی کے دن عوام کو تحفظ، سی این جی اور بجلی فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل استعمال ہوں گے، سرحدیں سیل رہیں گی اور افغان مہاجرین کی آمد کا سلسلہ محدود کردیا جائے گا، دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر موبائل سروس بند کرنے کا رحمان ملک کا فارمولہ استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند حساس علاقوں میں اگر ضرورت پڑی تو موبائل فون سروس بند کرنے سے متعلق دیکھیں گے، ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی اور سی این جی اسٹیشنز بھی کھلے رہیں گے۔ عارف نظامی نے کہا کہ ملک کے 66 ہزار پولنگ اسٹیشن کے تحفظ کیلئے پولیس اور رینجرز تعینات رہے گی، فوج کا کوئیک رسپانس دستہ محض ایک آواز پر لبیک کہے گا۔ نگراں وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی کا کہنا ہے کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر ایک سیکیورٹی افسر سیمت 8 اہلکار جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر ایک افسر سمیت 6 اور دیگر پولنگ اسٹیشنز پر ایک افسر سمیت 5 سیکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔ عارف نظامی نے کہا کہ انتخابات ہر حال میں 11 مئی کو ہی ہوں گے اور نگراں حکومت اپنے اقتدار کو طویل کرنے کیلئے انتخابات میں تاخیر نہیں کرے گی۔

مزید خبریں :