02 مئی ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ علیحدگی کی باتیں 3 صوبے نہیں بلکہ پنجاب کی سیاسی جماعتوں کے رہنما کررہے ہیں، ہمیں پاکستان کی مخالفت کرنے والوں سے حب الوطنی کا سرٹی فکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ کراچی میں لال قلعہ گراوٴنڈ عزیز آباد میں ایلڈرز ونگ کے تحت جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان بنانے کی مخالفت کی وہ لوگ ہمارے بزرگوں اور ہماری حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہمیں پاکستان کی مخالفت کرنے والے سے حب الوطنی کا سرٹی فکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا نائن زیرو پر تالے ڈال دیئے گئے تو بزرگوں نے ساتھ دیا، کراچی میں آکر ایک لیڈر کہتے ہیں کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ہیں ،حیرت کی بات ہے کہ عسکری ونگ یہاں ہیں اور گولیاں پنجاب میں چلتی ہیں۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت آئے گی تو رائے ونڈ اور دیگر جگہوں پر وڈیروں کی جائیداد کو تعلیم اور صحت کے مراکز میں تبدیل کردیں گے، دھماکے کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، کچھ سیاستدانوں نے فوجیوں اور شہریوں کے گلے کاٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی آوازنہیں اٹھائی، ملک پر بڑا کڑا وقت ہے، ڈنڈا اور کلاشنکوف بردار شریعت کو نافذ نہیں ہونے دیں گے ۔ متحدہ کے قائد نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کوئی عسکری ونگ نہیں صرف حوصلے والے اور مردوں کے ونگ ہیں، دہشت گردوں کی طاقت کے زور پر ماوٴں، بہنوں اور بیٹیوں کو کنیزیں بنانے کی سازس کو جدوجہد سے ناکام بنادیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی کو کھلی دھمکیاں دی جارہی ہیں، دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے ہمارے حوصلوں اعتدال پسندی اور جمہوری سوچ کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی کی باتیں 3 صوبے نہیں بلکہ پنجاب کی سیاسی جماعتوں کے رہنما کررہے ہیں، دہشت گرد خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی کررہے ہیں، جو جماعتیں دہشت گردوں کی سرپرستی کررہی ہیں وہ دوسروں کی بیٹیوں پر پابندی لگاتے ہیں اپنی بیٹیوں کو ایوانوں میں بھیجتے ہیں۔