02 مئی ، 2013
نارووال … تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نئے پاکستان کا مطلب بتادیا، کہتے ہیں نیا پاکستان بنا کر عوام کو انگریزوں کے بنائے ہوئے نظام سے آزاد کریں گے، شیر کی چھٹی باری نہیں آنے دیں گے، زرداری زر کا پجاری ہے، شریف برادران نے پیپلزپارٹی سے عشق کیا ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شکر گڑھ میں جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ زرداری نے سب کی قیمتیں لگادیں، سیاستدانوں کو بھیڑ بکریوں کے بھاوٴ خریدا، شریف بردران کہتے پھر رہے ہیں کہ عمران خان کو ووٹ نہ دینا زرداری پھر سے آجائے گا، شریف برادران نے ساڑھے 3 سال تک پیپلزپارٹی سے عشق کیا، دونوں نے مک مکا کی سیاست کرکے 5 سال گزارے، ایک مرکز اور دوسرا صوبے کا بادشاہ بنا رہا، عمران خان کا کہنا تھا کہ پشتونوں کا خون عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں روک سکتا، گزشتہ 5 سالوں میں سب سے زیادہ جرائم پنجاب میں ہوئے، میاں برادران کے شاہی خاندان کے پاس 1200سے زائد پولیس اہلکار تھے، میاں برداران کی سیکیورٹی پر 200 کروڑ روپے خرچ ہوئے، اتنے میں تو دوسرا شوکت خانم اسپتال کھڑا ہوجاتا۔ ظفروال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شکلوں کی نہیں نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے، تحریک انصاف ملک میں امیر اور غریب کیئلے ایک تعلیم کا نظام لائے گی، سرکاری اسکولوں میں بہترین تعلیم دی جائے گی، ان اسکولوں سے پڑھ کر ایک دن بچہ اس ملک کا وزیراعظم بنے گا۔ پسرور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ موجودہ نظام میں غریب کا بچہ اردو میڈیم اور امیر کا بچہ انگلش میڈیم اسکول میں پڑھتا ہے، بڑے ڈاکو پارلیمنٹ میں جبکہ چھوٹا ڈاکو جیل میں ہوتا ہے، اس نظام کو بدلا جائے گا،نئے نظام کا مطلب انگریز کے بنائے ہوئے نظام سے لوگوں کو آزاد کرنا ہے۔ عمران خان نے نارووال میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ ملک میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی، اس ملک میں جو جتنی بھی اقلیتیں ہیں، ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائیگی، سب کو برابر کا حق ملے گا، ہر یونین کونسل میں اسٹیڈیم بنایا جائے گا، نیا نظام بنائیں گے جس میں ایم این اے اور ایم پی اے کے پیچھے پرچیاں لے کر جانا نہیں پڑے گا۔ نارووال کے جلسے میں حلقہ این اے 117 نارووال سے تحریک انصاف کے امیدوار ابرار الحق بھی موجود تھے، جن کی آوا ز پر شرکاء پرجوش نعرے لگاتے رہے۔