02 مئی ، 2013
کراچی … حکومت سندھ نے انتخابات 2013ء کے دوران صوبے میں فوج کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت سے با ضابطہ درخواست کردی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام صوبائی حکومتوں کو امن وامان کے قیام کے سلسلے میں انتخابات کے موقع پر فوج کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاقی وزات دفاع کو خط بھیج دیاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سندھ میں انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج تعینات کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں سینٹرل پرنٹنگ پریس اور سیکیورٹی پرنٹنگ پریس میں بیلٹ پیپر کی چھپائی، بیلٹ پیپرکی ترسیل کے عمل اور سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں انتخابی سامان رکھے جانے والے مقامات پر بھی فوج تعینات کی جائے۔