02 مئی ، 2013
اسلام آباد…نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں،دہشت گردوں کا ایک گروپ انہیں اغواء کرنا چاہتا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کا کام پرویز مشرف سمیت انڈر ٹرائل ہر ملزم کی حفاظت کرنا ہے،جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، فی الحال پرویز مشرف کو سب جیل سے کہیں اور منتقل کرنے کا کوئی آپشن زیر غور نہیں۔ نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بہت بلند ہے اور ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، کوئی بھی سیاسی جماعت الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔