08 مارچ ، 2012
لاہور… ملک کے بڑے ڈیموں تربیلا اور منگلا میں پانی کی کمی کے باعث ہائیڈل پیداوارکم ہو گئی۔ بجلی کا شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ کر 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ بڑے شہروں میں دن کے وقت ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود ملک میں بجلی کی صورتحال بدترین ہے۔ موسم تو بہتر ہو گیا تاہم پانی، تیل اور گیس کی کمی کے باعث اکثر پاور ہاوٴسز صلاحیت سے کم بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں 10 جبکہ دیہات میں 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ اس صورت حال نے عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے۔ پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ حکومت فنڈز جاری کر دے تو شارٹ فال ختم ہو سکتا ہے تیل گیس کی خریداری کے لئے پیسے نہیں ہیں لوڈشیڈنگ ناگزیر ہے۔ ادھر ماہرین نے شارٹ فال میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔