17 مئی ، 2013
اسلام آباد…عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابات میں ناکامی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کرے گی۔گزشتہ روز اسلام آباد میں اے این پی کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی صدارت میں ہوا جس میں فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ اے این پی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری تاج الدین خان کے مطابق بشیر احمد خان مٹہ کو آٹھ رکنی فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ہارون بلور اور سینیٹر زاہد خان بھی کمیٹی کے ارکان ہیں۔ تاج الدین خان کے مطابق فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی انتخابات میں اے این پی کی ناکامی کی وجوہات معلوم کر کے دو ماہ کے اندر رپورٹ مرکزی قیادت کو پیش کرے گی۔