پاکستان
17 مئی ، 2013

جماعت اسلامی کا کراچی اور حیدر آباد میں دوبارہ انتخابات کرانیکا مطالبہ

جماعت اسلامی کا کراچی اور حیدر آباد میں دوبارہ انتخابات کرانیکا مطالبہ

کراچی … جماعت اسلامی نے امن کی بحالی کیلئے کراچی اور حیدرآباد میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا، لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس کراچی اور حیدر آباد کا مقدمہ لیکر جائیں گے اور ضرور جیتیں گے۔ کراچی میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت مزار قائد کے قریب ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں الیکشن ہی نہیں ہوئے، کراچی میں پولنگ اسٹیشن پر قبضے تھے ، کہیں بیلٹ باکس اور کہیں بیلٹ پیپر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ووٹروں کے حق پر ڈاکا ماراگیا ہے اور کراچی کے عوام کو جمہوری حق سے محروم رکھا گیا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ایک حلقے میں نہیں پورے کراچی اور حیدر آباد میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں ، کراچی اور حیدر آباد کا مقدمہ الیکشن کمیشن کے پاس لے کر جائیں گے جبکہ سپریم کورٹ سے بھی رابطہ کریں گے۔ دھرنے میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ الیکشن کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا۔

مزید خبریں :