30 مئی ، 2013
پشاور…خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے اسد قیصر متفقہ طور پر اسپیکر اور امتیاز شاہد ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے دونوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ، قائد ایوان کا انتخاب کل ہوگا ۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں نومنتخب اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر شاہد امتیاز قریشی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ، دونوں کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور دونوں امیدوار بلامقابلہ منتخب کرلئے گئے ، اسد قیصر سے گزشتہ اسمبلی کے اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی نے حلف لیا ، جس کے بعد نئے اسپیکر نے اپنے ڈپٹی سے حلف لیا ،خیبر پختونخوا اسمبلی میں آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے دو دو امیدوار میدان میں تھے، اسپیکر کیلئے تحریک انصاف کے اسد قیصر اور جے یو آئی ف کے منور خان میں مقابلہ تھا ، جبکہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے تحریک انصاف کے شاہد امتیاز قریشی اور ن لیگ کے ارباب اکبر حیات آمنے سامنے تھے ، لیکن پولنگ سے پہلے انتخاب کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے اسپیکر کے چیمبر میں میٹنگ ہوئی تو تحریک انصاف کے دونوں امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے قائد ایوان کا انتخاب کل کیا جائے گا ، جس کیلئے تحرک انصاف کے پرویز خٹک نے کاغذات نامزدکی جمع کرادیئے ہیں ، انہیں قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی کی حمایت بھی حاصل ہے ، دوسری طرف دیگر جماعتیں ابھی قائد ایوان سامنے لانے کیلئے غور اور ایک دوسرے سے مشورے کررہی ہیں ۔