30 مئی ، 2013
کراچی … ایم کیو ایم کی لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹیوں نے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں، دوران حراست تشدد، ماورائے عدالت قتل اور لاپتا کارکنان کی بازیابی کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس نائن زیرو میں ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں، حراست کے دوران ان پر وحشیانہ تشدد، ماورائے عدالت قتل، انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور گرفتار کئے گئے 9 کارکنان کی عدم بازیابی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے خلاف غیرقانونی، غیرآئینی اور غیر انسانی اقدامات کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ایم کیو ایم کے خلاف کی جانے والی سازشوں سے دنیا بھرمیں انسانی حقوق کی تنظیموں کو آگاہ کیا جائے گا۔