10 مارچ ، 2012
دمشق… شام میں سیکیورٹی فورسز کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 68ہوگئی ہے جبکہ اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے شام کے لیے خصوصی نمائندے کوفی عنان آج شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں حمص میں سترہ اور ادلیب میں چوبیس افراد ہلاک ہوئے جبکہ باقی ہلاکتیں دوسرے شہروں میں ہوئیں۔ان ہلاکتوں کے خلاف مختلف شہروں میں مظاہرے بھی جاری ہیں۔دوسری طرف اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے شام کے لیے مشترکہ خصوصی نمائندے کوفی عنان آج دمشق میں، صدر بشار الاسد اور اپوزیشن جماعتوں سے ملاقات بھی کریں گے۔ عرب ممالک کے وزرا خارجہ بھی روسی ہم منصب سے ملاقات کے لیے قاہر ہ پہنچ رہے ہیں۔اس ملاقات میں صدر بشار السد کے مستقبل اور شام کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔