10 جون ، 2013
دوحہ…افغان صدر حامدکرزئی نے کہا ہے کہ پاکستان سے نائجیریا تک مسلم دنیا انتشار کا شکار ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتائج خوشگوار نہیں اور دیکھنا پڑے گا کہ کہیں اس سے انتہا پسندی بڑھی تو نہیں۔دوحہ میں امریکا اور مسلم ممالک کے تعلقات کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتائج خوشگوار نہیں۔ دیکھنا ہوگا کہ کیا ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوئے ہیں۔کیا دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کردیے گئے ہیں، کیا اس جنگ سے مسلم دنیا میں بنیاد پرستی میں کمی آئی یا اضافہ ہوا ہے۔حامدکرزئی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو اپنے معاشرے اور حکومتوں میں بہتری لانے کی ضروت ہے جبکہ امریکا سمیت پورا مغرب بھی مسلم دنیا کے سامنے جواب دہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کچھ معاملات غلط ہوئے ہیں تو انھیں درست کیا جانا چاہیے۔