پاکستان
10 جون ، 2013

عدلیہ اور الیکشن کمیشن نے سخت مایوس کیا، عمرن خان

عدلیہ اور الیکشن کمیشن نے سخت مایوس کیا، عمرن خان

لاہور … تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں امپائر جانبدار ہوگئے، عدلیہ اور الیکشن کمیشن نے سخت مایوس کیا، اگر دھاندلی کی تفتیش نہ ہوئی تو وہ عید کے بعد سڑکوں پر ہوں گے اور ملکی تاریخ کے بڑے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نے لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولنگ ڈے کی تیاری نہ ہونے کے باعث الیکشن ہارے، وہ 18 ویں ترمیم کے تحت اطلاعات تک رسائی کے قانون سے استفادہ کریں گے اور بیلٹ پیپر کاوٴنٹر فائل حاصل کرکے گنتی کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو گڈ گورننس کیلئے طاقت چھوڑ کر اختیارات نچلی سطح پر دینا ہوں گے، پولیس اور بیورو کریسی کو غلام بنانے کی بجائے آزاد کرنا ہوگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں میں وہی لوگ مر رہے ہیں جو پاکستان آرمی کی جنگ میں مارے جا رہے ہیں، اس سے تاثر ملتا ہے کہ ہم امریکا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کا جو کینسر پھیل رہا ہے وہ خیبر پختونخوا میں اس کا علاج کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی مفاد میں ن لیگ کا ساتھ دیں گے لیکن جہاں خامی دیکھیں گے وہاں مثالی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، جبکہ پارلیمنٹ سے ان کا پہلا خطاب دھماکا خیز ہو گا۔

مزید خبریں :