10 جون ، 2013
اسلا م آباد…ڈیرہ بگٹی سے دربدر کیے گئے بگٹی قبیلے کے سیکڑوں افرادنے نیشنل پریس کلب سے سپریم کورٹ تک مارچ کیا۔جمہوری وطن پارٹی کے سابق سربراہ نواب اکبر بگٹی کے پوتے نواب گہرام بگٹی کاکہناہے کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ڈیرہ بگٹی سے دربدر کیے گئے بگٹی قبیلے کے سیکڑوں افرادگزشتہ چالیس دنوں سے اسلام آبادمیں مقیم ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں نواب اکبربگٹی کے پوتے نواب گہرام بگٹی کی قیادت میں مظاہرین سپریم کورٹ جا کردرخواست جمع کراناچاہتے تھے۔لیکن سب کوایک ساتھ جانیکی اجازت نہ ملی تومظاہرین نے وزیراعظم آفس کے سامنے دھرنادیدیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 8 برس سے اپنے گھروں سے دور دربدر ہیں ، کوئی داد رسی کو تیار نہیں۔بگٹی قبیلے کے افراد نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ انہیں ڈیرہ بگٹی واپس بھیجنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔