11 جون ، 2013
اسلام آباد…ملک میں آگ برساتے سورج کو شاید اب کوئی اور کام ڈھونڈنا پڑے گا۔۔کیونکہ گرجنے اور برسنے والے بادلوں نے گرمی سے بے حال شہریوں کی صدائیں سن لی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر شہروں میں موسم بدستور گرم رہے گا ۔لیکن شام سے سندھ کے جنوبی علاقوں میرپور خاص ، حیدرآباد اور کراچی ڈویژن میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی امید ہے ۔بارشوں کا یہ سلسلہ بدھ کو پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں گجرات ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور منڈی بہاوٴالدین میں برسات کی توقع ہے۔ یہاں سے یہ سلسلہ جنوبی مشرقی بلوچستان یعنی مچھ ، سبی اوربولان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ پیر کو سب سے زیادہ درجہ حرارت بھکر میں 49 سینٹی گریڈ رہا۔