12 جون ، 2013
اسلام آباد…آئندہ مالی سال 2013-14ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) میں وزارت اطلاعات ونشریات کے جاری اور نئے منصوبوں کے لئے 49کروڑ 27 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بدھ کو جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق نئے منصوبوں کے لئے 7 کروڑ 72 لاکھ 61 ہزار روپے جبکہ جاری منصوبوں کے لئے 41 کروڑ 55لاکھ 4 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ نئے منصوبوں میں بلوچی نیوز سروس کے لئے 45 لاکھ، پشتونیوز سروس کے لئے چالیس لاکھ اور سرائیکی نیوز سروس کے لئے چالیس لاکھ، ریڈیو کے نشریاتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے جاپان کے تعاون سے منصوبہ کے لئے 6کروڑ 47لاکھ 61ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔دریں اثناء اقتصادی امور ڈویژن کی ایک سکیم کیلئے 10 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے ۔جبکہ وزارت پیداوار کے 9 جاری منصوبوں کیلئے ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ آئندہ مالی سال 2013-14ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ ماربل اینڈ گرینائیٹ سیکٹر پاکستان جمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی اورایچ ایم سی میں ڈایزائن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے بالترتیب 47 کروڑ 66 لاکھ روپے ‘ 25 کروڑ روپے اور 20 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ شماریات ڈویژن کے دو منصوبوں پر 22 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو کے دو منصوبوں کیلئے 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ کمپیکٹ انیٹنا سٹیٹ رینج لاہور کے جاری منصوبے پر 6 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی جائے گی جبکہ نئے منصوبے پاکستان ریموٹ سیننگ سیٹلائٹ کیلئے 63 کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے ۔وزارت سیفران کیلئے فاٹا کے ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے 18 ارب50 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ جبکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کے مختلف نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ایک کھرب، 25 ارب 11کروڑ51 لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔