12 جون ، 2013
اسلام آباد… وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت نئے مالی بجٹ میں وفاقی پیداوار ڈویژن کی دو جاری اسکیموں کیلئے دو ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ نئے مالی بجٹ میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی اپ گریڈیشن کیلئے پانچ کروڑ 37 لاکھ روپے جبکہ بحری جہازوں ، آبدوزوں اور کمرشل جہازوں کے لنگر انداز ہونے اور مرمت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم اور متعلقہ مشینری وآلات کی تنصیب کیلئے دو ارب 24 کروڑ 63 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔دریں اثناء وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام( پی ایس ڈی پی) میں خارجہ امور ڈویژن کی دو جاری سکیموں کیلئے 25 کروڑ 52 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی دستاویز کے مطابق وزارت خارجہ میں زیر تعمیر ہائی سکورٹی بلاک اور کانفرنس ہال کیلئے 6 کروڑ 70 لاکھ 20 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ایکنک نے فروری 2004ء میں اس منصوبہ کی منظوری دی تھی جس پر اخراجات کا تخمینہ 60 کروڑ 50لاکھ روپے ہے جبکہ منصوبہ پر اب تک 53کروڑ 79 لاکھ 80 ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ اس بلاک کو آراستہ کرنے کیلئے پی ایس ڈی پی میں 188.18 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس منصوبہ پر اخراجات کا تخمینہ 195 ملین روپے ہے جبکہ اب تک 6.820 ملین روپے خرچ ہوگئے ہیں۔جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 54 جاری ترقیاتی منصوبوں پر 2 ارب 17 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔ مالی سال 2013-14ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے جاری منصوبوں کیلئے رقم مختص کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں وزارت کی عمارت کی تعمیر کیلئے 24 کروڑ 55 لاکھ روپے، وہاڑی میں کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قیام کیلئے 15 کروڑ روپے، چاروں صوبوں میں پینے کے پاف پانی کے منصوبوں کیلئے 10 کروڑ روپے، پی سی ایس آئی آر کی کراچی میں لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن کیلئے 15 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔